تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)
عقیدہٴ امامت وختم نبوت اکابر اہل سنت کی نظر میں
تالیف: مولانا حمزہ احسانی ناشر: دفاع صحابہ واہل بیت اکیڈمی
صفحات: 48 سائز: 16= 36* 23
رفض وتشیع دین اسلام کی تاریخ میں پایا جانے والا قدیم ترین اور مضر ترین فتنہ ہے جس نے اسلام کے عقائد ونظریات اور شخصیات پر ہمیشہ سے کاری وار کیے ہیں ہر زمانیمیں اس شجرہٴ نامبارک کی جڑیں بہت گہری رہی ہیں، روافض کے عقائد مخترعہ میں ایک باطل نظریہ ان کا عقیدہٴ امامت ہے جس کے مطابق خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد انسانیت کی رہ نمائی اور ہدایت کے لیے اب قیامت تک سلسلہٴ امامت جاری رہے گا، اس سلسلہ کے کل بارہ امام ہیں، گیارہ اپنے وقت پر آکر جا چکے ہیں، بارہواں امام اصلی قرآن کو لے کر روپوش ہے اور قرب قیامت میں ظاہر ہوگا، یہ تمام ائمہ علم غیب کے حامل، معصوم اور مفترض الطاعت ہیں، آسمانی کتابوں کے حامل ہیں اور درحقیقت مرتبہٴ امامت مرتبہٴ پیغمبری سے بھی بڑھ کر ہے۔ ان عقائد کو یہ فرقہ تقیہ کا سہارا لے کر اپنائے ہوئے ہے۔
اس بارے میں اہل سنت والجماعت کا عقیدہ یہ ہے کہ غیر اللہ کے لیے خدائی صفات کا اثبات کرنا عقیدہٴ توحید کے منافی اور شرک ہے۔ جب کہ بعض صفات مثلاً مامور من اللہ ہونا، معصوم ہونا، مفترض الطاعة ہونا، آسمانی کتب کا حامل ہونا، انبیاء کے برابر یا ان سے افضل ہونا اور احکام شرعیہ میں صاحب وحی ہونا وغیرہ نبوت کی صفاتِ لازمہ ہیں، غیر نبی کے لیے ان صفات کا عقیدہ رکھنا اسلام کے عقیدہٴ ختم نبوت کے منافی ہے ۔
پیش نظر مجموعہ متعدد اکابر اہل سنت اور بالخصوص علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ کے افادات پر مشتمل ہے جنہیں جناب حمزہ احسانی صاحب نے رسالہ کی شکل میں مرتب کیا ہے، اس رسالہ میں شیعہ مذہب کے اصولِ دین، مذہب شیعہ میں عقیدہٴ امامت کی اہمیت، بارہ اماموں کے نام، کنیت، وفات، مدفن، کسبی امامت اور آسمانی مرتبہٴ امامت میں فرق، عقیدہٴ ختم نبوت کے علمی تقاضوں پر بحث کی گئی ہے۔ روافض کے عقیدہٴ امامت سے متعلق متعدد علمائے اہل سنت اور اساطین امت کے اقوال وآراء بھی شامل ہیں۔ اس رسالے سے عوام کے علاوہ دینی مدارس کے طلبہ بھی مسئلہ کا خلاصہ سمجھنے کے لیے کافی استفادہ کر سکتے ہیں۔
یہ رسالہ دفاع صحابہ واہل بیت اکیڈمی نے رنگین ٹائٹل کے ساتھ درمیانہ کاغذ پر شائع کیا ہے۔
جامع السیر
تالیف: مولانا محمد یوسف متالا ناشر: زم زم پبلشرز کراچی
صفحات: 558 سائز: 16= 36* 23
حضرت مولانا محمد یوسف متالا صاحب رحمة اللہ علیہ کے متعدد بیانات حفظ قرآن ، ختم بخاری یا رمضان المبارک میں ریڈیو پر ہوتے رہے۔ جس کے نتیجے میں جمال محمدی صلی اللہ علیہ وسلم درس بخاری کے آئینہ میں، جمال محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جلوہ گاہیں، جمال محمد صلی اللہ علیہ وسلم جبل نور پر اور کرامات و کمالات اولیاء وغیرہ کتابیں منظر عام پر آئیں۔ ان تمام کتابوں کے مقدمہ میں تبرّکاً سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ چند صفحات میں پیش کی جاتی رہی۔ زیر نظر کتاب انہی مضامین کا مجموعہ ہے ۔
کتاب کے اختتام سے پہلے سیرت وشمائل نبویہ ہی سے متعلق شیخ احمد ضیاء الدین بن مصطفی کا مرتب کردہ احادیث کا ایک قیمتی مجموعہ شامل ہے، جس میں تمام احادیث باحوالہ ہیں اور ان احادیث مبارکہ کو خطبہٴ جمعہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ کتاب کے درمیان نعتیہ اشعار بھی وقفے وقفے سے شامل کیے گئے ہیں نیز غزوات نبوی کے مواضع کے رنگین نقشے بھی دیئے گئے ہیں۔
آخر میں دعائے رغبت ورہبت میں ہاتھ اٹھانے کا طریقہ اور استعاذہ کی قرآن وحدیث سے ماخوذ دعائیں باحوالہ جمع کی گئی ہیں۔ پھر مراجع و ماخذ کا ذکر ہے۔ پاکستان میں یہ کتاب زم زم پبلشرز کراچی نے شائع کی ہے، کتاب کی طباعت اور اشاعت معیاری اور کاغذ سفید اعلی ہے۔