مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)

القراء ة الواضحة

تالیف: مولانا وحید الزمان قاسمی کیرانوی رحمہ اللہ
ناشر: زمزم پبلشرز
کل صفحات: 288
سائز: 16 =36 * 23

مولانا وحید الزماں کیرانوی رحمة اللہ علیہ کی برصغیر میں عربی زبان اور لغت کے حوالے سے خدمات اظہر من الشمس ہیں، زیر نظر کتاب آپ کی ایک بے مثال کثیر النفع تصنیف ہے، جو آپ نے 1966ء سے 1970ء کے عرصے میں تصنیف فرمائی اور اس کی گائڈ بُک بھی بنفس نفیس تیار کی۔

حضرت کی یہ کتاب بہت مقبول ہوئی اور برصغیر کے عربی مدارس کے علاوہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بھی داخل نصاب رہی۔ اس کتاب سے متعلق رسالہ الفاروق کے تبصرہ کے کالم میں مولانا ابن الحسن عباسی رحمة اللہ علیہ کے تحریر کردہ تاثرات آج سے تقریباً 24 سال قبل شائع ہوچکے ہیں، جن کی جامعیت کے پیش نظر انہیں دوبارہ قارئین کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔ مولانا لکھتے ہیں:

”ہندو پاک میں عربی ادب کے نامور اساتذہ میں حضرت مولانا وحید الزمان قاسمی کیرانوی رحمہ اللہ کا نام قابلِ ذکر وفخر ہے، ”شیخ الادب“ کے منصب پر مولانا دارالعلوم دیوبند میں عرصہ دراز تک فائز رہے، عربی زبان کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش اور سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں، القاموس الجدید (عربی اردو، اردو عربی) القاموس الوحید اور اس نوع کی دوسری مختلف کتابیں ان کے ستھرے، نفیس اور اعلی ادبی ذوق کی دلیل ہیں۔

زیر تبصرہ کتاب عربی سکھانے کی ایک آسان کتاب ہے، جس میں موٴلف نے برصغیر کے طلبہ کی نفسیات اور ان کے مزاج ومذاق کی خوب رعایت کی ہے، ایسے انداز سے قواعد نحویہ اور صرفیہ کا اجرا کرایا گیا ہے کہ طالب علم صرف ونحو کی الجھنوں کو محسوس کیے بغیر آگے بڑھتا چلا جاتا ہے، نیز عربی بولنے، لکھنے کی مشق بھی ساتھ ساتھ ہوجاتی ہے۔

اس کا پہلا حصہ بالکل ابتدائی نحوی، صرفی قواعد کی آسان اور دل چسپ مثالوں پر مشتمل ہے، اس حصے میں کل 43 اسباق ہیں، دوسرا حصہ 42 اسباق پر مشتمل ہے، یہ اسباق چھوٹے چھوٹے جملوں سے مختصر مضامین کی شکل میں ترتیب دیے گئے ہیں، آخری سبق میں ”صرف الأفعال“ کے عنوان سے انتہائی آسان اور عام فہم انداز میں صرفی قواعد لکھے گئے ہیں، تیسرے حصے میں 60 اسباق ہیں، یہ حصہ مکمل طور پر مضامین پر مشتمل ہے، یہ مضامین سہل اور سبق آموز ہونے کے ساتھ ساتھ عربی ادب کی بھر پور چاشنی لیے ہوئے ہیں، یہ بات بطور خاص محسوس کی گئی ہے کہ جو طالب علم پچھلے دو حصوں کو خوب سمجھ لے، وہ ان مضامین کو پڑھ کر اکتاتا ہے نہ ہی الفاظ کے مشکل ہونے کا شکوہ کرتا ہے، حالاں کہ ہر سبق میں الفاظ و کلمات تنوع اور کثرت کے ساتھ استعمال کیے گئے ہیں، تینوں حصوں میں ہر سبق کے بعد مشقوں کا اہتمام کیا گیا ہے، امید ہے کہ یہ کتاب عربی زبان سیکھنے کے خواہش مند ہر عمر کے مبتدی طلبہ کے لیے ان شاء اللہ مفید ثابت ہوگی۔

آرٹ پیپر پر ٹائٹل کے ساتھ چھپائی معیاری ہے، البتہ قیمت زیادہ معلوم ہوتی ہے۔ (جمادی الأولی، 1423ھ)“ انتہیٰ

حال ہی میں اس کتاب کو زم زم پبلشرز کراچی نے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ اعلی سفید کاغذ پر معیاری کمپوزنگ کے ساتھ ایک بار پھر شائع کیا ہے نیز موجودہ قیمت بھی طباعت واشاعت کے لحاظ سے مناسب ہے۔