تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)
مرغوب المسائل
مصنف : مولانا مرغوب احمد لاجپوری
ناشر: زم زم پبلشرز کراچی سائز: 16= 36* 23
مرغوب المسائل معروف عالم دین اور مبلغ مولانا مرغوب احمد لاجپوری مقیم ڈیوز بری (لندن) کی تالیف ہے، جو گجرات کے ممتاز عالم دین سابق مفتی اعظم رنگون (برما) مفتی مرغوب احمد لاجپوری a کے پوتے ہیں، آپ اپنے جد امجد کے نسبی شرف کے ساتھ ساتھ ان کی علمی میراث کے بھی وارث ہوئے ہیں،آپ کے قلم سے اس کے علاوہ مرغوب الفقہ، مرغوب الأدلة اور دیگر کئی کتب ورسائل سامنے آچکے ہیں۔ زیر نظر کتاب چھ جلدوں پر مشتمل ہے جس میں آپ نے عبادات، معاشرت، اخلاق وآداب، فضائل، تبلیغ اور امت مسلمہ کے حالات سے متعلق موضوعات پر سیر حاصل بحث اور تحقیق کی ہے، اور ہر بات قدیم وجدید ماخذ ومصادر سے باحوالہ تحریر فرمائی ہے، مفتی صاحب کی تحریرات میں یہ نادر صفت بھی پائی جاتی ہے کہ جہاں اپنی تحقیق پیش فرماتے ہیں وہیں دوسروں کی رائے کا احترام بھی ضرور پیش نظر رکھتے ہیں، یہی وجہ سے کہ انہوں نے بعض عمومی فتاوی میں علمائے عصر سے اختلاف رائے کا اظہار کیا ہے لیکن الفاظ وتعبیر میں احترام واحتیاط کا پہلو ہاتھ سے جانے نہیں دیا، کتاب کی پہلی جلد 14/رسائل اور ایک مختصر مقالہ پر مشتمل ہے، جن کے عنوانات یہ ہیں:
بیت الخلاء میں ذکر ، مسجد کی صفائی، مسجد میں بچوں کو لانا، فرض نماز کے بعد اعلان، شفق غائب نہ ہونے والی رات میں مغرب وعشاء کو جمع کرنا، مسبوق کے مسائل، تہجد کی نماز، پیر اور جمعہ کے دن کی موت کے فضائل، روٴیت ہلال، تراویح کی اجرت کا جواز، تراویح کے لیے حفاظ کے انتخاب کا حق کس کو ہے؟، مسجد کی دوسری منزل پر اعتکاف، مردوں کا گھر میں اعتکاف کرنا، کرونا وائرس سے متعلق چند سوالات اور ان کے جوابات۔
دوسری جلد ”تحفہٴ حرم“ کے نام سے حرمین شریفین اور حج وعمرہ سے متعلق مسائل پر مشتمل تیرہ رسائل کا مجموعہ ہے: جن کے نام یہ ہیں:
ماء زمزم، حجر اسود، مقام ابراہیم، ملتزم، رکنِ یمانی، حج اکبر کی حیثیت، سفر حج میں نماز، عجوہ کے فضائل، بقیع وجنت المعلیٰ، مسجد قباء، جبل احد کے فضائل، حج وعمرہ کی دعائیں: احرام میں کعب سے مراد۔
تیسری جلد کتاب النکاح کے عنوان سے ہے، جس میں نکاح، حقوقِ زوجین، عفت وپاکدامنی اور حرمتِ مصاہرت وغیرہ سے متعلق 11 رسائل اور 2 مقالے شامل ہیں، ان کے عنوانات یہ ہیں: نکاح میں بچی کی رضامندی، نکاح سے پہلے لڑکی اور لڑکے کو دیکھنا، جمعہ کے دن نکاح کا استحباب، نکاح کی مجلس میں قرآن کریم کی تلاوت کا حکم، بیوی کے حقوق، شوہر کے حقوق، ایک سے زائد بیویوں میں عدل، حرمت مصاہرت، نکاح میں اسراف، ولیمہ میں اسراف، جہیز، زنا کی قباحت۔
چوتھی جلد اسراف وغلو کے نام سے ہے، جس میں 11رسائل اور ایک مقالہ شامل ہے: جن کے عنوانات یہ ہیں:
اسراف کی مذمت، مسجد میں اسراف، تعمیرات میں اسراف، سگریٹ اور اسراف، غلو کی مذمت، تعلقات نہ توڑیئے، حلت و حرمت کی تحقیق، رخصت پر عمل، جانور کا صدقہ، دین آسان ہے، غیر مسلم کی تعریف کرنا، غیر مسلم کو حرام چیز کا ہدیہ کرنا۔
پانچویں جلد: فضائل، آداب، طب اور دعوت وتبلیغ سے متعلق 14 رسائل اور ایک مقالہ کا مجموعہ ہے، جن کے عنوانات درج ذیل ہیں:
إحیاء المیت، انا للہ کی فضیلت اور اہمیت، تعوذ کی فضلیت واہمیت، ذی الحجہ کے دس دن، جمعہ کے دن اسّی مرتبہ درود، دین شوق پورا کرنے کا نام نہیں، بیر کے درخت کاٹنے کی ممانعت، سیاہ لباس کا حکم، منت، تجوید وقراء ت، علم طب، کرونا ویکسین، دعوت وتبلغ کی اہمیت، دعوت کی پانچ آیتیں، دعوت کے پانچ طبقات۔
چھٹی جلد اصلاح معاشرہ اور امت مسلمہ کے حالات سے متعلق دس مفید رسائل کا مجموعہ ہے، جن کے عنوانات درج ذیل ہیں: آپ e کی بد دعائیں، لعنت والے اعمال، صدق وکذب، امانت وخیانت، مال وقف میں خیانت، علماء کی توہین، حق کہنا ہروقت ضروری ہے، کسی کو تکلیف نہ پہنچائیے، امیر بننے کا شوق، مسلمانوں پر حالات کیوں؟
چھ جلدوں پر مشتمل یہ کتا ب دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ درمیانہ کاغذ پر زم زم پبلشرز کراچی نے شائع کی ہے، کتاب کی اشاعت وطباعت معیاری ہے۔