ڈرائیور مسافر ہے یا نہیں

Darul Ifta mix

ڈرائیور مسافر ہے یا نہیں

سوال

1.. کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مندرجہ مسئلہ کے بارے میں کہ میں ڈرائیوری کے پیشہ سے وابستہ ہوں او رپاکستان میں آئل ٹینکر چلاتا ہوں چوں کہ مستقل کہیں رہنا نہیں ہوتا چند دن کہاں تو چند دن کہاں… ہمارے لیے نماز کی ادائیگی پر شریعت میں کیا حکم ہے راہ نمائی فرما دیں؟ ہم مسافر ہیں یا مقیم؟
2..میرا آبائی گاؤں کوئٹہ ہے او ر وہیں پر میرے اہل وعیال ہیں۔ لیکن اب چندماہ کے لیے میں نے اپنے گھر والوں کو کراچی میں شفٹ کر لیا ہے۔ اب جب دوران سفر مجھے کراچی کے رخ پر چلنا پڑتا ہے تو میں گھر آکر تقریباً تین سے چار یوم تک قیام کرتا ہوں۔ اب یہ کراچی میں دوران قیام گزرے ایام میں مسافر شمار ہوں گا یا مقیم؟ او رنماز کی کیا ترتیب رہے گی۔

جواب

1… صورت مسئولہ میں آپ کو جب بھی اپنے شہر سے 48 میل77.232 کلو میٹر فاصلے پر کہیں سفر کرنا ہو، تو جب آپ اپنے شہر کی حدود سے سفری نیت کرکے نکل جائیں تو مسافر شمار ہوں گے ، پھر آپ ملک کے جس کونے میں بھی ہوں گے تو آپ قصر کریں گے، جب تک واپس اپنے شہرکی حدود میں داخل نہ ہوں۔

2..آپ چو ں کہ کراچی میں عارضی طور پر رہ رہے ہیں، اس لیے آپ کو کراچی میں ایک مرتبہ کم از کم پندرہ دن تک ٹھہرنا ضروری ہو گا، اس کے بعد آپ کراچی میں دوران قیام مقیم شمار ہوں گے اور پوری نماز ادا کریں گے، البتہ اگر آپ کو کراچی میں ایک مرتبہ بھی کم از کم پندرہ دن تک ٹھہرنا نہیں تو آپ کراچی میں مسافر شمار ہوں گے او رنمازمیں قصر کریں گے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی