نیکرپوش کھلاڑیوں کا میچ دیکھنا

Darul Ifta mix

نیکرپوش کھلاڑیوں کا میچ دیکھنا

سوال

آج کل فٹ بال ٹورنا منٹ ہو رہا ہے، جس میں کھلاڑی ستر نہیں چھپاتے، گھٹنے ننگے رہ جاتے ہیں، جو کہ احناف کے ہاں ستر میں داخل ہیں ،ایسے میچ دیکھنا کیا جائز ہے اور قریب اوردور سے دیکھنے میں فرق ہے یا نہیں؟

جواب

آج کل جو فٹ بال ٹورنا منٹ کرائے جاتے ہیں ان میں کئی قباحتیں پائی جاتی ہیں، مثلاً ہر ٹیم سے فیس لی جاتی ہے، جو کہ حرام ہے۔۲۔ ستر کھولا جاتا ہے۔ ۳۔ نمازوں کے اوقات کی بالکل پروا نہیں ہوتی وغیرہ۔ اس لیے ایسا ٹورنا منٹ منعقد کرانا اور اس میں شرکت کرنا حرام ہے اورجب یہ فعل حرام اور منکر ہوا تو حدیث میں تو ان کے روکنے کا حکم دیا گیا ہے، چہ جائیکہ خود بھی تماشائی بن کر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اس لیے ایسا میچ دیکھنا جائز معلوم نہیں ہوتا اور ستر دیکھنے کا گناہ مزید برآں او رمنکر کو دور سے دیکھنا بھی جائز نہیں۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی