ناخن ، بال کٹوانے ، تیل وخوشبو لگانے کا مسنون طریقہ

Darul Ifta mix

ناخن ، بال کٹوانے ، تیل وخوشبو لگانے کا مسنون طریقہ

سوال

ناخن کٹوانے، سر کے بال کٹوانے اور تیل وخوشبو لگانے کا مسنون طریقہ کیا ہے؟ باحوالہ جواب مرحمت فرمائیں۔

جواب 

1..ناخن کاٹتے وقت انگلیوں کی ترتیب کسی حدیث سے صراحتاً ثابت نہیں، البتہ فقہاء نے بہتر طریقہ یہ لکھا ہے کہ دائیں ہاتھ کی شہادت والی انگلی سے شروع کرے اور ترتیب وار چھوٹی انگلی تک کاٹے ، پھر بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے لے کر انگوٹھے تک بالترتیب کاٹے، آخر میں دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا ناخن کاٹے اور پیروں کے ناخن کاٹنے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ دائیں پیر کی چھوٹی انگلی سے ابتدا کرے اور بالترتیب بائیں پیر کی چھوٹی انگلی تک کاٹے۔

2..سر کے بال کٹوانے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ سر کے دائیں جانب سے ابتدا کی جائے اور پورے سر کے بالوں کو منڈوایا جائے یا کتروایا جائے ، سر کے بعض حصہ کے بالوں کو کتروانا اور بعض کو چھوڑنا، اسی طرح کچھ بال کم او رکچھ زیادہ کتروانا درست نہیں ہے۔

3..تیل لگانے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈال کر بھنؤوں سے ابتدا کرے، پھر آنکھوں ( کے پپوٹوں)پر اور پھر سر پر لگائیں۔

4..خوشبو لگانے کا کوئی خاص طریقہ تو روایات میں نہ مل سکا، البتہ سر مبارک، چہرہ مبارک ، داڑھی مبارک اور ہاتھوں پر خوشبو لگانا روایات سے ثابت ہے، بہرحال جسم پر کہیں بھی لگانے سے سنت پر عمل ہو جائے گا۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی