موبی کیش کھاتے میں رقم رکھوانے پر ملنے والے فری منٹس کا حکم

Darul Ifta mix

موبی کیش کھاتے میں رقم رکھوانے پر ملنے والے فری منٹس کا حکم

سوال

 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام مندرجہ ذیل مسئلے کے متعلق کہ موبی کیش کے ذریعے سے ہم پیسے نکلواتے ہیں، جب موبائل کمپنی کے ذریعے ہزار روپے یا اس سے زیادہ رقم نکالتے ہیں تو کمپنی والے ہمیں سو منٹس کال کے فری دیتے ہیں، سو منٹس فری اس وقت دیتے ہیں کہ دو یا تین دن تک ایک ہزار روپے یا اس سے زیادہ رقم اس کے پاس اکاؤنٹ میں رہے ،پھر سو منٹس فری دیتے ہیں، البتہ ایک ہزار روپے سے کم نکالنے کی صورت میں سومنٹس کال کے فری نہیں دیتے اور ساتھ موبائل کمپنی والے ہم سے ایک ہزار روپے پر10 یا15 روپے معاوضہ لیتے ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ موبی کیش کا یہ کھاتہ کھولنا کیسا ہے؟ اور ایک ہزار روپے سے زیادہ نکلوانے کی صورت میں فری منٹ دینے کا کیا حکم ہے؟ جب کہ دو یا تین دن تک رقم اس کے پاس موجود ہونے کی صورت میں منٹ دیتے ہیں بصورت دیگر فوراً نکالنے کی صورت میں منٹس نہیں ملتے، اگر ہم ہزار روپے سے کم رقم نکلوا ئیں تو پھر اس کی کیاحیثیت ہو گی؟

 

جواب

موبی کیش کافی نفسہ کھاتہ کھولنا اور اس میں پیسے رکھوانا جائز ہے۔
2… اکاؤنٹ سے ہزار روپے سے زیادہ پیسے نکالنے پر کمپنی جو فری منٹس وغیرہ دیتی ہے ان کا استعمال جائز نہیں ہے ، کیوں کہ یہ سہولیات کمپنی ان پیسوں کے بدلے دیتی ہے جو کمپنی کے پاس بطور قرض رکھوائے گئے ہیں، لہٰذا یہ’ کل قرض جر نفعا فھو حرام ‘کے زمرے میں آنے کی وجہ سے حرام ہے۔
3…اکاؤنٹ میں سے ہزار روپے سے کم یا زیادہ رقم نکلوانا جائز ہے، البتہ ہزار روپے سے زیادہ رقم نکلوانے پر جو فری منٹس وغیرہ ملتے ہیں ان کو استعمال نہ کرے اور پیسے نکلوانے پرکمپنی جو10یا15 روپے کاٹتی ہے وہ ان کی اجرت ہے، اس لیے ان کے لیے اس رقم کی کٹوتی جائز ہے۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی