مدرسہ ومسجد کے سفیر حضرات کا چندہ سے کمیشن لینا

Darul Ifta mix

مدرسہ ومسجد کے سفیر حضرات کا چندہ سے کمیشن لینا

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ گاؤں کے مدرسہ کے لیے اور مسجد کی تعمیر کے لیے لوگ مقرر کئے ہوتے ہیں، جو گھر گھر اور بازاروں میں جاکر چندہ مانگتے ہیں، اور جب چندہ وصول کرکے لاتے ہیں، تو ان کو دہاڑی (یومیہ مزدوری) اسی چندہ میں سے دی جاتی ہے، اور اکثر سو روپے میں بیس یا تیس روپے ان کو دیتے ہیں، تو پوچھنا تھا کہ ایسا کرنا کیسا ہے؟ ایک صورت یہ ہے کہ چندہ جمع کرنے والا خود سے نکال کرلے لے، اور دوسری صورت یہ ہے کہ مدرسہ یا مسجد کی کمیٹی کے لوگ رقم لے کر اس کو اس رقم سے دیں۔

جواب

     صورتِ مسئولہ میں مدرسہ یا مسجد کے سفیر حضرات کو چندہ کی رقم سے کمیشن دینا یا لینا جائز نہیں ہے، یہ اجرت من العمل ہی ہے، جو کہ جائز نہیں ہے، البتہ ان کے لیے یومیہ اجرت اور ماہانہ تنخواہ مقرر کرلی جائے، اور اجرت وتنخواہ کی ادائیگی کا کام مدرسہ ومسجد کی کمیٹی خود کرلیا کرے، چندہ کرنے والوں کے لیے اپنے طور پر چندہ کی رقم سے اجرت، کمیشن اور تنخواہ لینا جائز نہیں۔ فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی