تکبیرات تشریق

Darul Ifta mix

تکبیرات تشریق

سوال

تکبیرات تشریق کسے کہتے ہیں۔ کب سے کب تک پڑھی جاتی ہیں اور یہ تکبیرات کس پر واجب ہیں؟ اگر کوئی شخص ان تکبیر ات کو بھول کر ترک کرے تو اس کا کیا حکم ہے؟

جواب

درج ذیل کلمات کو تکبیر تشریق کہا جاتا ہے:

اللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ، لاَاِلٰه اِلاَّ اللّٰہ،ُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْد

ذوالحجہ کی نویں تاریخ کی فجرسے ذوالحجہ کی تیرہ تاریخ کی عصر تک ہر نماز کے بعد فوراً بلند آواز سے تکبیرات تشریق پڑھنا واجب ہے، البتہ عورتیں آہستہ کہیں۔

حضرات صاحبین رحمہما الله تعالیٰ کے قول کے مطابق تکبیرات تشریق امام، مقتدی، مسبوق، منفرد، شہری، دیہاتی، مقیم، مسافر، مرد اور عورت سب پر واجب ہے۔ حضرات فقہا کرام کے نزدیک یہی قول مفتی بہ ہے، اس لیے تمام افراد کو تکبیرات تشریق ہر فرض نماز کے بعد کہہ لینی چاہئیں۔

کوئی شخص اگر تکبیرات کہنا بھول جائے اور مسجد سے نکل جائے تو پھر اس کو تکبیرات نہیں کہنی چاہئیں، اس لیے کہ تکبیرات کی قضا نہیں البتہ آئندہ احتیاط کرے۔  فقط واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی