مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

احکام الحجاج
تالیف: مفتی محمد طاہر مسعود
صفحات:320 سائز:23×36=16
ناشر: المیزان، ناشران وتاجران کتب، الکریم مارکیٹ، اردو بازار، لاہور، پاکستان

جیسا کہ کتاب کے نام سے ظاہر ہے کہ اس میں حج کے احکام ومسائل بیان کیے گئے ہیں۔ کتاب کی ابتداء میں اکابر وبزرگوں کی تقاریظ ہیں، پھر حج کے لغوی وشرعی معنی اور فرضیت کا بیان ہے، بعد ازاں درج ذیل مرکزی عنوانات قائم کیے گئے ہیں، فضائل حج، فلسفہ واہمیت حج، ضروری اور اہم ہدایات، مفید مشورے، آداب سفر حج، سفر حج کی مسنون دعائیں، حج کی مسنون دعائیں، اصطلاحی الفاظ اور ان کے معانی، حج کی شرائط، میقات، احرام، احرام سے متعلقہ مسائل، طواف، سعی، اقسام حج، حج قران، حج تمتع، حج افراد، حج کے پانچ دن، عرفات کی دعائیں، وقوف عرفہ کے احکامات، رمی جمرات کے احکام، خواتین کا حج، حج بدل، جنایات، احرام کی جنایات، حرم کی جنایات، خوش بو استعمال کرنا، سلا ہوا کپڑا پہننا، سر اور چہرہ ڈھانپنا، بال کاٹنا یا مونڈنا، ناخن کاٹنا،جماع کرنا، واجبات حج میں سے کسی واجب کوادا نہ کرنا، خشکی کے جانور کا شکار کرنا، حرم کیجنایات، زیارات مکہ مکرمہ زادھا الله شرفاً، زیارات مدینہ منورہ زادھا الله شرفاً۔ پھر ان عنوانات کے تحت سینکڑوں ذیلی عنوانات قائم کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب اپنے موضوع پر جامع،آسان اور مستند تالیف ہے،اس میں مسائل واحکام بحوالہ بیان کیے گئے ہیں، جس سے کتاب کی اہمیت وافادیت بڑھ جاتی ہے۔

یہ کتاب خوب صورت کارڈ ٹائٹل کے ساتھ درمیانے کاغذ پر شائع کی گئی ہے اور ملنے کا پتہ ہے: خانقاہ سراجیہ نقشبندیہ مجددیہ، کندیاں، ضلع میانوالی۔ مکتبہ سراجیہ، بالمقابل جامعہ مفتاح العلوم، چوک، سیٹلائیٹ ٹاؤن، سرگودھا۔

احکام عمرہ
تالیف: مفتی محمد طاہر مسعود
صفحات:154 سائز:23×36=16
ناشر: المیزان، الکریم مارکیٹ، اردو بازار، لاہور

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ اس کتاب میں عمرہ کے احکام ومسائل بیان کیے گئے ہیں، ابتداء میں پیش لفظ اور خواجہ خواجگان حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحب رحمة الله علیہ کی تقریظ ہے۔اس کے بعد عمرہ کے مسائل واحکاممختلف عنوانات قائم کرکے بیان کیے گئے ہیں ۔یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک جامع اور مستند تالیفہے اور عام فہم انداز واسلوب میں لکھی گئی ہے۔کتاب کا مطالعہ عوام وخواص دونوں کے لیے مفید ہوگا۔

یہکتاب ٹا ئٹل کارڈ کے ساتھ درمیانے درجے کے کاغذ وطباعت میں شائع کی گئی ہے۔

مقدمات علوم نحویہ
زیر نظر کتابچے میں علم نحو کی ضروری اور اہم معلومات جمع کی گئی ہے۔ یہ امور چوں کہ نحو کی کتابوں کو شروع کرنے سے پہلے بطور مقدمہ کے پڑھائے جاسکتے ہیں، لہٰذا ان کو مختلف مباحث میں تقسیم کرکے ہر بحث کو مقدمہ کا عنوان دیا گیا ہے، اس طرح یہ کتابچہ درج ذیل آٹھ مقدمات پر مشتمل ہے۔ پہلا مقدمہ لفظ مقدمہ اور علم کی تحقیق، دوسرا مقدمہ نحو کی تعریف اور موضوع وغیرہ کی تحقیق، تیسرا مقدمہ علم النحو کے مختلف فنون کا تعارف، چوتھا مقدمہ نحو کی تدوین اور طبقات نحاة ، پانچواں مقدمہ مشہور علماء نحو کے مختصر حالات، چھٹا مقدمہ نحو کی اہم اصطلاحات، ساتواں مقدمہ اہم اورمشکل تراکیب اور آٹھواں مقدمہ اصلاح غلط النحو یین کے عنوان سے ہے۔ کتابچے کے مؤلف مولانا روح الله کشمیری صاحب ہیں۔ یہ کتابچہ علم نحو پڑھنے اور پڑھانے والے حضرات کے لیے اہمیت وافادیت کا حامل ہے کہ اس میں علم نحو سے متعلق ضروری اور اہم معلومات اختصار کے ساتھ یکجا کر دی گئی ہیں۔

82صفحات کا یہ کتابچہ کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔ ناشر کا پتہ ہے: دارالافتاء والتالیف جامعہ ام القری، گلی باغ ہوتی، مردان۔

فیضان حقانی
تالیف: مولانا محمود الرشید حدوٹی
صفحات:164 سائز:23×36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ خالق آباد، ضلع نوشہرہ۔

مولانا عبدالقیوم حقانی اور القاسم اکیڈمی نوشہرہ کی مطبوعات پر ماہنامہ آب حیات لاہور اور ماہنامہ صدائے جمعیت لاہور میں جو تبصرے شائع ہوئے زیر نظر کتاب میں ان کو مرتب کیا گیا ہے او ران تبصروں کی اشاعت پر مولانا عبدالقیوم حقانی نے جو خطوط تحریر کیے تھے وہ بھی اس میں شامل کیے گئے ہیں، نیز ماہنامہ القاسم نوشہرہ میں مولانا محمود الرشید حدوٹی مدیر ماہنامہ آب حیات لاہور کی بعض کتابوں پر جو تبصرے شائع ہوئے وہ بھی اس مجموعے میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس طرح اس مجموعے میں کئی کتابوں کا تعارف ایک ساتھ جمع ہو گیا۔

کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔