مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

ارمغان فانی
تالیف: نور الله نور وزیرستانی
صفحات:296 سائز:23×36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ

حضرت مولانا حافظ محمد ابراہیم فانی رحمة الله علیہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے استاذ حدیث اور اردو، عربی، فارسی اور پشتو زبان کے قادر الکلام شاعر تھے۔ نہایت عاجز وملنسار مزاج کے مالک تھے۔ ا لله تعالیٰ نے انہیں علمی وادبی ذوق عطا فرمایا تھا اور گوں ناگوں صفات وخصوصیات سے نوازا تھا۔ زیر نظر کتاب میں ان کی حیات وخدمات، افادات وادبیات، مقالات ومکتوبات او رمولانا عبدالقیوم حقانی کی تالیفات پر ان کے منظوم تأثرات کو جمع او رمرتب کیا گیا ہے۔ یہ مضامین اس سے پہلے ماہنامہ القاسم نوشہرہ میں شائع ہو چکے ہیں۔ مولانا نورالله نور وزیرستانی نے انہیں جمع کرکے کتابی صورت میں پیش کیا ہے۔ ان میں سے بعض مضامین اس سے پہلے بعض کتابوں میں شائع بھی ہوچکے ہیں اور مولانا فانی  کے ساتھ مناسبت کی وجہ سے انہیں زیر نظر کتاب کا حصہ بھی بنایا گیا ہے۔

یہ کتاب مولانا حافظ محمد ابراہیم فانی رحمة الله علیہ کی مختصر حیات وخدمات، علمی وادبی مقام ومرتبے کے تعارف او ران کی بعض علمی کاوشوں کو محفوظ ومرتب کرنے کے حوالے سے قابل قدر کاوش ہے۔

کتاب کے صفحہ نمبر287 پر”سرور عالم صلی الله علیہ وسلم“ کے نام سے سیرت کی غیر منقوط کتاب کی نسبت مولانا زکی کیفی مرحوم کی طرف کی گئی ہے، جب کہ سیرت طیبہ پر مشہور ومعروف غیر منقوط کتاب مولانا زکی کیفی مرحوم کے برادر مولانا ولی رازی مدظلہ کی ہے او راس کا نام ”ہادیٴ عالم صلی الله علیہ وسلم“ ہے۔ آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کر لینی چاہیے۔

کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت معیاری ہے۔

تحفة الاسلام
یہ سورہٴ فاتحہ کی تفسیر ہے جو حضرت مولانا شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی رحمة الله علیہ کے شاگرد رشید مولانا حافظ اکرام الدین رحمة الله علیہ کی تالیف ہے اور اس میں سورة فاتحہ سے متعلق امور ومسائل کو بسط وتفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ اس رسالے میں سورة فاتحہ کے فضائل ہیں، الفاظ کی تشریح وتوضیح ہے، بدعات وخرافات کا رد ہے اور شرکیہ اقوال وافعال اور رسوم کی نفی اور تردید ہے۔ غرض سورة فاتحہ کی تشریح وتوضیح سے متعلق مختلف امور کو خوب صورت و دلنشین انداز میں بیان کیا گیا ہے اور اس طرح کے مختلف ومتنوع امور کا یکجا ملنا کسی اور کتاب یا تفسیر میں بظاہر مشکل معلوم ہوتا ہے۔ اس کتابچے کا مطالعہ سورة فاتحہ کی تشریح وتوضیح اور عقائد واعمال کی اصلاح کے لیے مفید وکار آمد ہو گا۔

96 صفحات کا یہ کتابچہ القاسم اکیڈمی نوشہرہ سے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔

خصوصی شمارہ سیرت النبی صلی الله علیہ وسلم
یہ دو ماہی صدائے اسلام میلسی کا خصوصی شمار ہے اور اس میں سیرت سے متعلق مضامین شامل اشاعت کیے گئے ہیں ۔ابتدا میں حمد باری تعالی اور نعت ہے اور پھر درج ذیل مضامین اس شمارے کا حصہ ہیں۔ سیرت کا مطالعہ ایک انسانی ضرورت، رسالت نامہ، نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کے فضائل، ذکر مبارک سید الکونین صلی الله علیہ وسلم، حضور صلی ا لله علیہ وسلم سے محبت کی نشانی، اسوہٴ حسنہ کا معنی ومطلب، بچپن کے عادات وخصائل، محبت نبوی صلی الله علیہ وسلم، پیارے بچوں کے پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم، اتباع سنت، آنحضرت صلی الله علیہ وسلم کے معجزات، آداب واخلاق، نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کی خوش مزاجی، حاجت مندوں کے حقوق، سفر آخرت۔

یہ رسالہ 64 صفحات کا ہے اور ادارة القرآن ٹرسٹ، نزد مسجد امیر حمزہ، جلّہ جیم، میلسی، وہاڑی سے شائع کیا گیا ہے۔

ماہنامہ شمس الاسلام بھیرہ کا قرآن نمبر
مدیر اعلی: صاحبزادہ ابرار احمد بگوی
صفحات:176 سائز:23×36=16
پتہ: دفتر ماہنامہ شمس الاسلام، شارع بگویہ، بھیرہ، ضلع سرگودھا۔

یہ ماہنامہ شمس الاسلام بھیرہ کا قرآن نمبر ہے، جس میں قرآن مجید سے متعلق مضامین ومقالات شائع کیے گئے ہیں او ران کے عنوانات یہ ہیں، عظمت قرآن کلام الہی کی روشنی میں ، قرآن پر اعتراضات کا جائزہ، قرآن خدا کی آواز، قرآن کا اسلوب، ترجمہٴ قرآن۔ مسائل ومشکلات، قرآن پڑھنے والے کے لیے آداب، قرآن کا تصور امانت، قرآن مجید کی حربی تعلیم، ماہ رمضان او رقرآن، یہود کا کردار قرآن کے آئینے میں، قرآن اور سائنس، ادارہ معارف اسلامیہ کی قرآنی خدمات۔

ان میں سے بعض مضامین ایسے حضرات کے بھی جو صحیح اسلامی فکر، راہ اعتدال اور صراط مستقیم سے ہٹے ہوئے ہیں اور ان میں معروف تجدد پسند جاوید احمد غامدی اور انڈیا، کے مولانا وحیدالدین خان نمایاں ہیں۔

اداریہ حالات حاضرہ پر ہے، جب کہ رسالے کے آخر میں ”آخری پیغام حق“ کے عنوان سے رسالے کے بانی مولانا ظہور احمد بگوی کی دینی خدمات او ران کے مضامین ومقالات کے ایک مجموعے کا تعارف شامل کیا گیا ہے۔

بہرحال یہ خاص نمبر قرآن مجید کے تعارف ،قرآنی علوم ومعارف او رقرآن مجید سے متعلقہ مختلف امو رکی پہچان کے حوالے سے ایک اچھی کاوش ہے۔

رسالے کی طباعت متوسط درجے کی ہے۔

تعبیر شرح نحو میر
تالیف: ابو طلحہ عبدالباسط لاڑکانوی
صفحات:326 سائز:23×36=16
ناشر: مکتبہ براء بن مالک، دو دائی روڈ، لاڑکانہ، سندھ، پاکستان

یہ درس نظامی درجہ اولیٰ کے نصاب میں شامل علم نحو کی معروف کتاب”نحومیر“ کی اردو شرح ہے او راس میں سوال وجواب کا اسلوب اختیار کیا گیا ہے۔ ابتداء میں اہل علم کی تقاریظ ہیں، پھر مقدمة العلم اور مقدمة الکتاب ہے او راس کے بعد سوال وجواب کی صورت میں نحوی قواعد وضوابط کی وضاحت کی گئی ہے اور تفصیل کے ساتھ متعلقہ امور کو بیان کیا گیا ہے۔ ذی استعداد طلبہ اور نحو کا ذوق رکھنے والے حضرات کے لیے یہ شرح نحوی مسائل کے حل میں بہتر معاون ثابت ہو گی۔ البتہ مبتدی طلبہ کے لیے چوں کہ مختصر اور سہل اندازواسلوب مفید ہوا کرتا ہے لہٰذا وہ اس سے کماحقہ استفادہ نہیں کرسکیں گے۔ کتاب میں بعض مقامات پر کا، کی ، کے، کی غلطیاں موجود ہیں، جو کہ دوسری زبان میں تحریرلکھنے کی وجہ سیہوئی ہیں، لہٰذا آئندہ ایڈیشن میں کسی صاحب لسان سے نظرثانی کرائی جائے تو بہتر ہو گا۔

کتاب کا ورق عمدہ اور طباعت معیاری ہے۔