مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

سیدہ فاطمة الزھراء رضی الله عنہا قدم بقدم
مؤلف: عبدالله فارانی
صفحات:234 سائز:23×36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی

عبدالله فارانی معروف ادیب جناب اشتیاق احمد صاحب کا قلمی نام ہے او رانہوں نے ”قدم بقدم“ کے لاحقے سے مختلف کتابیں تالیف کی ہیں، جن میں سیرت النبی قدم بقدم، خلفائے راشدین قدم بقدم، ائمہ اربعہ قدم بقدم، سیرت الانبیاء قدم بقدم، امہات المؤمنین قدم بقدم، عمر ثانی قدم بقدم، آزادی قدم بقدم وغیرہ کتابیں شامل ہیں اور زیر نظر مجموعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ اس میں خاتون جنت سیدہ فاطمة الزہرا رضی الله عنہا اوران کی اولاد کے احوال اور سیرت کو خوب صورت انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ کتاب میں درج ذیل عنوانات قائم کیے گئے ہیں : والدہ محترمہ، آپ صلی الله علیہ وسلم کی کنیت، بڑی بہن، بہترین سواری، دوسری بیٹی، تیسری بیٹی، چہیتی بیٹی، سادگی، تکلیف کی گھاٹی اور صبر، آسمان پر نکاح، جہیز اورنصیحت، چادر کا ایک ٹکڑا اور زخم، مبارک چادر میں سادات خاندان، گھریلو زندگی، بہو کے روپ میں،محبوب جوڑی، شادی کی تقریب میں، حیا کا پیکر، سائل دروازے پر، سخی خاندان، وہ عظیم منصب، تسبیح فاطمی آپ بھی پڑھیے، کشادہ دسترخواں، وصال، حضرت حسن رضی الله عنہ، بہترین سواری، بہترین سوار، حضرت حسین رضی الله عنہ ، یزید اور خط، حضرت حسین رضی الله عنہ کے قاتلوں کا انجام ، پیاری زینب، سیدہ ام کلثوم۔

کتاب میں”شادی کی تقریب میں“ کے عنوان سے جو واقعہ بیان کیا گیا ہے وہ مستند نظر نہیں آتا،کیوں کہ واقعے کی ابتداء سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مدینہ منورہ کا واقعہ ہے جب کہ آگے تفصیل سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مکہ مکرمہ کا واقعہ ہے، لہٰذا اگر موضوع سے دلچسپی اور مناسبت رکھنے والے کسی مستند عالم دین سے کتاب پر نظر ثانی کرالی جائے تو بہتر ہو گا، تاکہ کتاب میں کوئی غیر مستندبات شامل نہ ہو او رخاتون جنت کی سیرت مستند انداز میں قارئین کے سامنے آسکے۔

کتاب کا انداز واسلوب عام فہم، سادہ، جاذب اور دلچسپ ہے۔ دیدہ زیب گیٹ اپ اور معیاری کاغذ وطباعت میں شائع کی گئی ہے۔

نفحة الأبرار
افادات: مولانا حافظ ابرار الحق کلیانوی
صفحات:348 سائز:23×36=16
ناشر: خانقاہ عارفیB-70 بلاک11، نزد شاداب مسجد، گلبرگ، کراچی

یہ مولانا حافظ ابرار الحق کلیانوی رحمة الله علیہ کے اصلاحی بیانات کا مجموعہ ہے، جو حضرت ڈاکٹر محمد عبدالحئی عارفی رحمة الله علیہ کے خلیفہ مجاز تھے، ان بیانات میں شیطان کے پندرہ دشمن اور دس دوست شمار کرائے گئے ہیں ۔ اصلاح احوال کے حوالے سے بیانات کا یہ مجموعہ انتہائی مفید او ر مؤثر ہے کہ ان میں قرآن وحدیث، آثار وروایات اور تجربات و مشاہدات کی روشنی میں سادہ، عام فہم اور ناصحانہ وخیر خواہانہ انداز واسلوب میں گفت گو کی گئی ہے۔ اس کی طباعت اول پر رجب المرجب 1434ھ کے شمارے میں اسی کالم میں تبصرہ آچکا ہے ۔ یہ اس کتاب کی طباعت دوم ہے۔جس کا ورق اعلیٰ، جلد بندی مضبوط، گیٹ اپ خوب صورت او رطباعت معیاری ہے۔

ماہنامہ مناقب بھکر
ماہنامہ ”مناقب“ جامعہ قادریہ بھکر پاکستان سے شائع ہوتا ہے۔ اس کے مدیر مولانا محمد صفی الله ہیں۔ زیر نظر شمارہ اپریل 2015ء کا ہے اور میں درج ذیل مضامین شائع کیے گئے ہیں۔ یوحنا آباد لاہور کے دو سانحے، درس قرآن، صحابہ کرام رضی الله عنہم، خلفائے راشدین کے متعلق ضروری عقائد، امیر المؤمنین سیدنا صدیق اکبر، صداقت نبوت کے روشن نشان، صحابہ رضی الله عنہم کا مقام صحابہ کی نظر میں، امت محمدیہ کے ابراہیم، حضرت ہندہ  ،شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی اور ختم نبوت کے علمی تقاضے۔

مضامین کا انتخاب اچھا، خوب صورت او رمعیاری ہے۔ خط وکتابت کا پتہ ہے: دفتر ماہنامہ مناقب، جامعہ قادریہ، رحیم آباد، بکھر، پاکستان۔

پیام سیرت عصر حاضر کے تناظر میں
تالیف: مولانا خالد سیف الله رحمانی
صفحات:308 سائز:23×36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار ، کراچی

زیز نظر کتاب میں مولانا خالد سیف الله رحمانی مدظلہ کے سیرت سے متعلق ان مضامین کو شامل اشاعت کیا گیا ہے جو مختلف اخبار وجرائد میں شائع ہوئے ہیں۔ ان مضامین کو چار ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے، باب اول: مطالعہٴ سیرت کیمبادی، باب دوم: حیات طیبہ صلی الله علیہ وسلم۔ ایک نظر میں، باب سوم: سیرت نبوی صلی الله علیہ وسلم۔ سبق آموزپہلواور باب چہارم: امت پر نبی کے حقوق کے عنوان سے ہے۔

عصر حاضر میں سیرت نبوی سے اُمت مسلمہ کو جو پیام اور سبق ملتا ہے ان مضامین میں اسے واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے ، تاکہ امت مسلمہ آزمائش وابتلاء کے اس دور میں سیرت نبوی سے راہ نمائی لے کر کام یابی وکام رانی سے ہم کنار ہوسکے، تحریر کا انداز واسلوب تحقیقی، معلوماتی، جاذب اور دل نشین ہے۔ اس کتاب پر شوال المکرم1436ھ کے شمارے میں بھی اسی کالم میں تبصرہ آچکا ہے۔

کتاب کی طباعت واشاعت خوب صورت ومعیاری ہے۔

اذان بلال
تالیف: سلطان فریدی
صفحات:160 سائز:23×36=16
ناشر: السعید اکیڈمی، جامعہ دارالعلوم سعیدیہ، کوٹھا، صوابی، خیبر پختونخواہ، پاکستان

یہ جناب سلطان فریدی صاحب کے منظوم کلام کا مجموعہ ہے جس کا زیادہ تر حصہ سرور کونین صلی الله علیہ وسلم کی نعتوں پر مشتمل ہے اور یہی اس کا حصہ اول ہے، دوسرے حصے میں نظمیں پیش کی گئی ہیں، جس میں صحابہ کرام رضی الله عنہم اور دین و مذہب سے متعلق دیگر موضوعات پر کلام پیش کیا گیا ہے، جب کہ آخر میں بعض کلاموں کے منظوم تراجم دیے گئے ہیں۔ یہ مجموعہ ایک اچھی علمی کاوش ہے ۔ شعرو شاعری او رزبان وادب کا ذوق رکھنے والے حضرات اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

کتاب کا کاغذ درمیانہ او رجلد بندی مضبوط ہے۔