مبصر کے قلم سے

مبصر کے قلم سے

ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

اعتراف ذنوب واعتراف قصور
تالیف: حضرت مولانا شاہ وصی الله ، مولانا محمد قمر الزمان الہ آبادی
صفحات:384 سائز:23×36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریر، خالق آباد، ضلع نوشہرہ۔

زیر نظر مجموعہ میں دو کتابیں ایک ساتھ شائع کی گئی ہیں، ان میں سے پہلی کتاب ”اعتراف ذنوب“ کے نام سے ہے اور یہ حضرت مولانا شاہ وصی الله صاحب رحمة الله علیہ کے افادات کا مجموعہ ہے، جب کہ دوسری تالیف”اعتراف قصور“ کے نام سے ہے اور یہ حضرت مولانا محمد قمر الزمان صاحب الہ آبادی کی مرتب کردہ ہے، جیسا کہ نام سے واضح ہے کہ ان دونوں کتابوں میں اپنے گناہوں، معاصی اور کوتاہیوں کا الله تعالیٰ کی بارگاہ میں اعتراف اور توبہ کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے او راس سلسلے میں انبیائے کرام، صحابہ وتابعین اور صلحائے امت کے واقعات بہت ہی تڑپ اور درد مندی کے ساتھ بیان کیے گئے ہیں، تاکہ اُمّت میں اپنے گناہوں سے معافی مانگنے اور تواضع وعاجزی کی صفت پیدا ہو، جو انبیائے کرام، صلحائے امت اور الله تعالیٰ کے برگزیدہ بندوں کاشیوہ رہا ہے او رانسان کے تزکیہٴ نفس کے لیے بہت ہی مفید ومؤثر ہے، اس سے عبدیت پیدا ہوتی ہے، الله تعالیٰ کے ہاں بندے کا مقام ومرتبہ بلند ہوتا ہے اور اس کی آخرت سنور جاتی ہے۔ کتاب کا نام اور اس موضوع پر گفت گو آپ صلی الله علیہ وسلم کی ایک دعا سے ماخوذ ہے کہ آپ نے فرمایا”أنا المقرّ المعترف بذنبي“

الله تعالیٰ اس کتاب سے اُمّت کو مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔یہ کتاب مضبوط جلد بندی کے ساتھ درمیانے کاغذ پر شائع کی گئی ہے۔

ارشاد الصرف
تالیف: مولانا خدا بخش، تعریب: مولانا منظور شاہ
صفحات:225 سائز:23×36=8
ناشر: مکتبہ زکریا، کراچی، پاکستان

”ارشاد الصرف“ علم الصرف کی مشہور ومعروف اورجامع کتاب ہے۔ الله تعالیٰ نے اس کتاب کو مقبولیت عطا فرمائی ہے اور برصغیر پاک وہند کے مدراس میں درجہ اولیٰ میں عموماً بطور نصاب کے پڑھائی جاتی ہے۔ کتاب کی اصل زبان فارسی ہے اور اس سے استفادے کو عام کرنے کے لیے جامعہ فاروقیہ کراچی کے فاضل وسابق استاذ مولانا منظور شاہ نے اس کی تعریب کی ہے اور اس کی ترتیب میں بعض تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ بعض مفید امور کا اضافہ بھی کیا ہے ۔ جب کہ زیر نظر ایڈیشن میں مولانا سیّدعبدالرشید بن مقصود ہاشمی نے کتاب کو طلبہ کے لیے مزید مفید اور سہل الوصول بنانے کے لیے اس میں درج ذیل امور کا اہتمام کیا ہے۔ پوری کتاب کو 76 دروس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر درس پر مناسب عنوان قائم کر دیا گیا ہے، تاکہ طالب علم کے لیے درس کے موضوع کو سمجھنا آسان ہو۔ ہر درس کی مناسبت سے آخر میں اسئلہ وتمارین دی گئی ہیں ، جہاں مصادر سے گردانوں اور صیغہ جات کے حل کی ضرورت تھی وہاں صیغے اور مصادر دیے گئے ہیں، نیز قواعد کے حل کے لیے تمارین بھی دی گئی ہیں۔

کتاب کے اس نئے ایڈیشن کی وجہ سے کتاب سے استفادہ سہل اور آسان ہو جائے گا اور علم صرف کے قواعد وضوابط اور مباحث کو سمجھنے میں زیادہ دقت پیش نہیں آئے گی۔

کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔

سہ ماہی الصدیق
یہ سہ ماہی رسالہ” معہد الصدیق“ بام خیل صوابی صوبہ خیبر پختونخواہ سے شائع ہوا ہے اور اس میں علمی، تحقیقی اور اصلاحی مضامین شائع کیے گئے ہیں۔ رسالے کے مدیرمنفعت احمد صاحب جب کہ مدیر مسئول مولانا عبدالرؤف بادشاہ صاحب ہیں اور زیر نظر شمارہ محرم الحرام تا ربیع الاول1438ھ کا ہے اور یہ اس رسالے کا سب سے پہلا شمارہ ہے۔

مضامین کے عنوانات درج ذیل ہیں، حرف صدق، انبیائے کرام کا مقصد بعثت، شاہ ولی الله کا نظریہ انقلاب، سرمایہ دارانہ تہذیب کا محاکمہ، ہم عصر الحاد پر ایک نظر، اقدار کی تشکیل اور دینی مدارس، مشکوٰة واصول حدیث کیسے پڑھائیں، مال حرام کے بُرے اثرات، تھامس کارلائل: تعارفی جائزہ، مقدار صاع اور مد، اسماء والقاب میں غلو، عیسائیت اور بدھ مت کا تقابلی جائزہ، مغربی فکر وفلسفے وتہذیب کا مطالعہ کیسے کیا جائے؟ عروج اور سائنسی ترقی، ماہ محرم اور عاشوراء کی فضیلت، خرید وفروخت اوراسلام کا منصفانہ نظام، مولانا شیر اسلم خان کا سانحہٴ ارتحال، آپ کے سوال کا جواب، احوال وکوائف، کتاب شناسی۔ مضامین کے عنوانات سے رسالے کی اہمیت وافادیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

یہ رسالہ بڑے سائز کے 119 صفحات پر مشتمل ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوا ہے۔ ملنے کا پتہ ہے: دفتر سہ ماہی الصدیق، معہدالصدیق، للدراسات الاسلامیہ، بام خیل، صوابی،خیبر پختونخواہ۔