امانت کی حفاظت اور پاس داری … ایک دینی ومعاشرتی فریضہ

امانت کی حفاظت اور پاس داری
ایک دینی ومعاشرتی فریضہ

مولانا محمد نجیب قاسمی

اسلام نے ہر عمل خیر کے کرنے کی ترغیب اور ہر عمل شر سے بچنے کی تعلیم دی ہے۔ عمل خیر میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اگر کوئی شخص اپنا مال یا سامان کسی شخص کے پاس بطور امانت رکھنا چاہے تو امین کو چاہیے کہ اگر وہ اُس مال یا سامان کی حفاظت کرسکتا ہے تو ساری انسانیت کے نبی حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی سنت کے مطابق، اُس مال یا سامان کو بطور امانت رکھ کر، اپنے بھائی کی مدد کرے۔ غرض یہ کہ شریعت اسلامیہ نے ہمیں اپنے پاس امانت رکھنے اور امانت دہندہ کے مطالبے پر واپس کرنے کی خصوصی تعلیمات دی ہیں، کیوں کہ اس کے ذریعے آپس میں میل جول،محبت اور ایک دوسرے پر بھروسا پیدا ہوتا ہے، جو ایک اچھے معاشرے کے وجود کا سبب بنتا ہے۔

حضور اکرم صلی الله علیہ وسلمکے پاس صحابہ کرام، حتیٰ کہ کفار مکہ بھی اپنی امانتیں رکھا کرتے تھے۔ آپ صلی الله علیہ وسلم اس ذمے داری کو بہ حسن وخوبی انجام دیا کرتے تھے، چناں چہ آپ صلی الله علیہ وسلم کی امانت داری کو دیکھ کر نبوت سے قبل ہی آپ صلی الله علیہ وسلم کو امین کے لقب سے نوازا گیا۔ حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کرنے کا ارادہ فرمایا تو آپ صلی الله علیہ وسلم کے پاس لوگوں کی جو امانتیں رکھی ہوئی تھیں، حضرت علی رضی اللہ عنہ کو امانت دہندوں تک پہنچانے کی ذمے داری عطا فرمائی اور مدینہ منورہ کے لیے ہجرت فرما گئے۔ حضرت علی  آپ صلی الله علیہ وسلم کے بستر پر ہی سوئے ،تاکہ صبح آپ صلی الله علیہ وسلم کی نیابت میں ساری امانتیں لوگو ں کو واپس کردیں ا ور کسی شخص کو یہ شبہ بھی نہ ہو کہ نعوذ باللہ حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم امانتیں لے کر چلے گئے۔

قرآن وحدیث میں امانت اور اس کے احکام کے متعلق متعدد مرتبہ ذکر آیا ہے۔ چند آیات واحادیث کا ترجمہ پیش ہے:یقینااللہ تعالیٰ تمہیں حکم دیتا ہے کہ تم امانتیں ان کے حق داروں کو پہنچاو۔ (سورة النساء :58 ) ہاں اگر تم ایک دوسرے پر بھروسا کرو تو جس پر بھروسا کیا گیا ہے ،وہ اپنی امانت ٹھیک ٹھیک ادا کردے۔ (سورة البقرہ:283 ) اے ایمان والو!اللہ اور رسول صلی الله علیہ وسلم سے بے وفائی نہ کرنا اور نہ ہی جان بوجھ کر اپنی امانتوں میں خیانت کے مرتکب ہونا۔ (سورة الانفال:27 ) اور جو اپنی امانتوں اور عہد کا پاس رکھنے والے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو جنتوں میں عزت کے ساتھ رہیں گے۔ (سورة المعارج :32)

اسی طرح حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ امانت کے طور پر رکھی شے کو واپس کرنا چاہیے۔ (ترمذی، ابوداؤد، ابن ماجہ) قرآن وحدیث کی روشنی میں امت مسلمہ کا اتفاق ہے کہ کسی کا مال یا سامان بطور امانت اپنے پاس رکھنا باعث اجر وثواب ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: نیکی اور تقویٰ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرو۔ (سورة المائدہ ) نیز حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ بندے کی مدد کرتا رہتا ہے، جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد کرتا رہے۔ (صحیح مسلم) قرآن وحدیث میں وضاحت اور اجماع امت کے ساتھ انسانی زندگی کا تقاضا بھی ہے کہ امانت رکھنے اور لینے کی اجازت دی جائے۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اگر ہمارا کوئی بھائی یا دوست یا پڑوسی اپنا مال یا سامان بطور امانت ہمارے پاس رکھنا چاہتا ہے اور ہم اس ذمے داری کو انجام دے سکتے ہیں تو ہمیں اپنے نبی صلی الله علیہ وسلم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس کے مال یا سامان کو اپنے پاس بطور امانت رکھ لینا چاہیے اوران شاء اللہ اس عمل خیر پر اللہ تعالیٰ کی جانب سے اجر عظیم ملے گا۔

عمومی طور پر کسی کا مال یا سامان اپنے پاس بطور امانت رکھنا ایک مستحب عمل ہے، جو باعث اجر وثواب ہے۔ البتہ بعض حالات میں امانت رکھنا واجب ہوجاتا ہے، مثلاً کسی شخص کا مال غیر محفوظ ہے اور آپ کی امانت میں اس کے مال یا سامان کی حفاظت ہوسکتی ہے اور کوئی دوسرا ذمہ دار شخص موجود نہیں ہے، تو آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس شخص کے مال وسامان کو اپنے پاس بطور امانت رکھ لیں،تاکہ اس شخص کا مال یا سامان محفوظ ہوسکے۔ اگر آپ امانت کی حفاظت نہیں کرسکتے تو آپ کے لیے بہتر ہے کہ آپ کسی کی امانت اپنے پاس نہ رکھیں۔ اگر کوئی سامان یا رقم بطور امانت رکھ دی گئی تو اس پر متعدد احکام مرتب ہوں گے، ان میں بعض اہم حسب ذیل ہیں:

مال یا سامان امین کے پاس بطور امانت رہے گا۔امین کو حتیٰ الامکان امانت یعنی ودیعت کی حفاظت کرنی چاہیے۔ امانت دہندہ اپنا مال یا سامان کسی بھی وقت واپس لے سکتا ہے۔ امین امانت کو کسی بھی وقت واپس کر سکتا ہے۔امین امانت کی حفاظت یا اس کی بقاکے لیے جو رقم خرچ کرے گا ،وہ امانت دہندہ کو برداشت کرنی ہوگی، مثلاً جانور امانت میں رکھا گیا تو جانور کے چارہ وغیرہ کا خرچہ، نیز اگر مکان امانت میں رکھا گیا تو اس کی بجلی، پانی وغیرہ کے مصارف اور اسی طرح اگر مکان کی حفاظت کی غرض سے کچھ کام کروایا گیا تواس کے مصارف امانت دہندہ کو برداشت کرنے ہوں گے ۔ امین کے لیے جائز ہے کہ وہ امانت کی حفاظت کے لیے اپنی اجرت کی شرط لگائے۔

اگر اجرت طے ہوئی ہے تو امانت دہندہ کو اجرت ادا کرنی ہوگی۔ ہاں اگر اجرت طے نہیں ہوئی ،لیکن امانت کی حفاظت کے لیے امین کو اپنی زمین کا قابل ذکر حصہ استعمال کرنا پڑ رہا ہے تو جمہور علماء کی رائے ہے کہ وہ اس کا کرایہ لے سکتا ہے، لیکن امانت رکھنے میں اصل اپنے بھائی یا پڑوسی یا دوست کی خیر خواہی اور بھلائی مطلوب ہوتی ہے، لہٰذا شروع ہی میں یہ معاملہ طے ہوجائے تو زیادہ بہترہے، تاکہ بعد میں کسی طرح کا کوئی اختلاف رونما نہ ہو۔ اجرت لینے کی صورت میں بھی جمہور علماء کی رائے ہے کہ بطور امانت رکھا ہوا مال یا سامان اگر امین کی خیانت کے بغیر ضائع ہوگیا یا اس میں کچھ نقصان ہوگیا تو امین پر کسی طرح کا کوئی مواخذہ نہیں ہوگا۔ امین کو چاہیے کو وہ امانت سے کوئی فائدہ نہ اٹھائے،ہاں اگر امین نے امانت دہندہ سے امانت میں رکھی ہوئی شئے سے استفادہ کرنے کی اجازت لے لی ہے تو پھر کوئی حرج نہیں ہے۔ اگر امین کے بے جا تصرف کی وجہ سے امانت میں نقصان ہوا ہے توامین اس کا ذمیدار ہوگا۔

قرآن وحدیث کی روشنی میں خیر القرون سے عصر حاضر تک پوری امت مسلمہ کا اتفاق ہے کہ امانت میں رکھا ہوا مال یا سامان امین کے پاس بطور امانت ہوگا، چناں چہ اگر مال یا سامان امین کی کوتاہی کے بغیر ضائع ہوگیا یا اس میں کچھ نقصان آگیا تو امین پر کسی طرح کا کوئی مواخذہ نہیں ہوگا۔ حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:اگر کسی شخص کے پاس امانت رکھی گئی تو وہ اس پر لازم نہیں ہوگئی، یعنی اگر امین کی کوتاہی کے بغیر امانت ضائع ہوگئی یا اس میں کچھ نقصان ہوگیا تو امین پر کوئی تاوان نہیں ہوگا۔ (سنن ابن ماجہ) اسی طرح حضرت عبد اللہ بن مسعود  سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:اگر امانت ضائع ہوجائے یا اس میں نقصان ہوجائے اور امین نے کوئی خیانت بھی نہیں کی ہے تو امین پر اس کا کوئی تاوان نہیں ہے۔ (ابن ماجہ، بیہقی، دار قطنی) اسی طرح حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: امانت دار پر امانت کے تلف یا اس میں نقصان ہونے پر کوئی تاوان نہیں ہے۔ (بیہقی) حضرت ابوبکر صدیق، حضرت عمر فاروق، حضرت علی مرتضیٰ، حضرت عبداللہ بن مسعود اورحضرت جابر سے بھی یہی منقول ہے کہ امانت امین کے ہاتھوں میں بطور امانت ہوا کرتی ہے، یعنی اگر وہ امین کی کوتاہی کے بغیر ضائع ہوجائے یا اس میں کوئی نقصان ہوجائے تو امین پر اس کا کوئی تاوان نہیں ہوگا۔

عقل بھی یہی کہتی ہے کہ جس کے پاس امانت رکھی گئی ہے اور اس نے لوجہ اللہ امانت اپنے پاس رکھی ہے تو نقصان کی صورت میں امین کیوں ذمہ دار بنے گا؟ اگر امین کو ذمہ دار بنادیا گیا تو کوئی بھی امانت رکھنے کے لیے تیار نہیں ہوگا، پھر سارے لوگ اس خیر خواہی کے عمل سے محروم ہوجائیں گے۔ قرآن وحدیث کی روشنی میں مشہور ومعروف چاروں ائمہ اور دیگر محدثین ومفسرین وعلمائے کرام کی بھی یہی رائے ہے۔ اگر امانت دہندہ یہ دعویٰ کرے کہ امین کے بے جا تصرف کی وجہ سے امانت ضائع ہوئی ہے تو جمہور علماء کی رائے ہے کہ امین سے قسم لی جائے گی کہ اس نے امانت میں کوئی خیانت یا کوتاہی نہیں کی اور امین کے قسم کھانے پر اس کے حق میں فیصلہ کردیا جائے گا، اس لیے کہ وہ امین ہے، اللہ تعالیٰ نے ودیعت کو امانت سے تعبیر کیا ہے، لہٰذا اصل میں اسے بری الذمہ ہی قرار دیا جائے گا، الاّ یہ کہ متعدد شواہد اس کے جھوٹ پر واضح طور سے دلالت کریں۔

خالق کائنات کے حکم سے رحمة للعالمین صلی الله علیہ وسلم نے ایسا حکم صادر فرمایا ہے جس میں معاشرے کی خیر خواہی ہے، کیوں کہ امین خدمت خلق کے لیے امانت کو اپنے پاس رکھتا ہے۔ اگر امین کو ضامن قرار دیا جائے تو لوگ امانت رکھنے سے ہی اجتناب کریں گے، جس میں عام لوگوں کا ضرر ہے، نیز یہ عمومی مصلحتوں کے خلاف بھی ہے۔ تمام فقہاء کا اتفاق ہے کہ امانت میں رکھی ہوئی شے کا منافع امانت دہندہ کو ہی ملے گا، مثلاً جانور امانت میں رکھا تھا، بچے کی ولادت ہوگئی، اسی طرح امانت میں رکھے ہوئے باغ کے پھل، نیز زمین امانت میں رکھی تھی اس کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا،وغیرہ، وغیرہ ۔

امانت دہندہ (امانت گزار) اور امانت دار (امین ) میں چند شرطوں کا پایا جانا ضروری ہے، جس میں بنیادی دو شرطیں یہ ہیں کہ دونوں عاقل اور بالغ یا باشعور ہوں۔ اگر امین کا انتقال ہوگیا تو اس کے ورثاء پر لازم ہے کہ امانت یعنی ودیعت، امانت دہندہ کو واپس کریں۔ امین کے کسی لمبے سفر پر جانے کی صورت میں امین کو چاہیے کہ وہ امانت، امانت دہندہ کو واپس کرکے جائے، اگر اس وقت امانت دہندہ نہ ملے تو کسی شخص کو مکلّف کردے کہ وہ امانت کو امانت دہندہ کے حوالے کرے ۔

امانت دہندہ کو چاہیے کہ امانت کی واپسی پر امین کا شکریہ ادا کرے، کیوں کہ اس نے لوجہ اللہ یہ خدمت انجام دی ہے۔ حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو انسانوں کاشکر ادا نہیں کرتا،وہ اللہ کا کیاشکر ادا کرے گا؟ (ترمذی) اگر امانت دہندہ امین کو کوئی ہدیہ بھی پیش کردے تو بہتر ہے، حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اگر تمہارے ساتھ کوئی اچھا برتاو کرے تو تم اسے کچھ اپنی طرف سے پیش کردو۔ اگر تمہارے پاس ہدیہ دینے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے تو تم اس کے لیے خوب دعائیں کرو ۔ (ابوداؤد) دوسری جانب امانت دار کو اُس پر کوئی احسان نہیں جتانا چاہیے، بلکہ اس نے حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کے نقش قدم پر چل کر یہ عمل خیر کیا ہے ، لہٰذا اللہ تعالیٰ سے اس عمل خیر کے قبول ہونے اور اس پر اجر وثواب کی دعا کرنی چاہیے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو امانتوں کی حفاظت کرنے والا بنائے اور ہمیں امانت دہندہ تک صحیح سالم امانت لوٹانے والا بنائے۔( آمین)